رشتے انسان کی زندگی کی سب سے قیمتی دولت ہیں ، مگر افسوس کہ ہم اکثر اُن کی اہمیت کو سمجھنے میں دیر کر دیتے ہیں ، ہم کسی سے روٹھ جائیں تو انا کی دیوار ہمیں منانے سے روکتی ہے ، غصے میں کہے گئے چند الفاظ نہ صرف دلوں کو توڑ دیتے ہیں ، بلکہ محبت کے انمول رشتوں کو بھی دیمک کی طرح چاٹ جاتے ہیں ، ہم اِس گمان میں مبتلا وقت ضائع کرتے رہتے ہیں کہ اگر ہم کسی دوسرے شخص کے لیے اہم ہیں تو اُسے ہمیں منانے میں پہل کرنی چاہیے ، لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ محبت ہمیشہ پہل کی منتظر نہیں ہوتی ، بلکہ قربانی اور ایثار کا تقاضا کرتی ہے۔ ناراضگی ایک ایسی آگ ہے جو دلوں میں جلتی رہے تو پھر محبت کے نرم جذبے اِس آگ کی تپش سے خاکستر ہو جاتے ہیں ، جب ہم کسی سے دوری اختیار کرتے ہیں ، تو ابتدا میں یہ صرف ایک چھوٹا سا وقفہ محسوس ہوتا ہے ، مگر وقت کے ساتھ یہ فاصلہ دلوں کو اِس حد تک جدا کر دیتا ہے کہ پھر واپسی کا راستہ ماند پڑ جاتا ہے۔ گلے ، شکوے ، شکایتیں وہ زنجیریں ہیں جو ہمارے احساسات کو جکڑ لیں تو پھر ہمیں رشتوں کی خوبصورتی محسوس ہی نہیں ہوتی ، انسان کی فطرت...
About me